کاروار:02؍مئی(ایس اؤ نیوز)ممنوعہ لائٹ فشنگ کررہی ریاست گو اکی دو ماہی گیر کشتیوں کوکوسٹ گارڈ عملے نے جمعہ کو پتہ لگا کر ساحلی تحفظ دستہ کے توسط سے کشتیوں کو ماہی گیر محکمہ کے حوالے کئے جانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ ضبط کردہ دونوں ماہی گیر کشتیاں کاروار کے بیت کھول بندرگاہ پر رکھی گئی ہیں۔
گوا کے بیتول بندرگاہ کی ’سی ہاک ‘ اور ’ڈراگن‘ نامی ماہی گیر کشتیاں رات کے اوقات میں کاروار ساحل سے تھوڑی دوری پر مچھلی شکار میں مصروف تھیں۔ اسی دوران میں کوسٹ گارڈ عملہ غیر قانونی طورپر مچھلی شکار کرتے دیکھ کر کشتیوں کو ضبط کیا اور بیت کھول بندرگاہ پر لے آیا ہے۔
دونوں کشتیوں پر تین انکولہ اور 26اڑیسہ سے تعلق رکھنے والے کل 29ماہی گیر سوار تھے۔ ان میں سے صرف 12لوگوں کے پاس ہی شناختی کارڈ تھے۔ محکمہ ماہی گیر کے ڈائر کٹر پی ناگراج نے جانکاری دی کہ سبھی ماہی گیروں کی صحت جانچ کی گئی ہے۔ کشتیوں کے مالک کے متعلق جانکاری ملی ہے کہ وہ گوا سے تعلق رکھنے والے امیش لکشمن سالگاونکر کی ملکیت ہیں۔ ایک کشتی سے مچھلی شکار کیا جارہاتھاتو دوسری کشتی پر 20کے وی قوت والا بہت بڑا جنریٹر اور ایل ای ڈی بلب نصب کئے گئے تھے۔ کشتی میں قریب 500کےجی مچھلیاں جمع رکھے جانےکی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اطلاع ملی تھی کہ قریب 40کشتیاں لائٹ فشنگ میں مصروف ہیں، لیکن جب کوسٹ گارڈ عملے نے چھاپہ مارا تو وہ فرار ہونے کی بات کہی جارہی ہے۔ ممنوعہ لائٹ فشنگ کرنے پر جرمانہ عائد کیاجاتاہے۔ کشتی پر سوار ماہی گیروں سے کہاگیا ہے کہ وہ کشتی پر ہی رہیں کنارے نہ آئیں۔ ضبط کردہ کشتیوں اور مشینوں کے متعلق ضلع ڈپٹی کمشنر کی رہنمائی میں کارروائی کرنے کی بات کہی۔